Nigah

پاکستان کی مستحکم معیشت کا راز

nigah stock
[post-views]

پاکستان اپنی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے دنیا کے تمام ممالک خصوصا خطے اور ہمسایہ ملکوں کے ساتھ تجارت بڑھانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اقتدار سنبھالتے ہی سیاسی اختلافات کو بالا طاق رکھتے ہوئے ملک کی معیشت کی بہتری کے لیے تمام سیاسی جماعتوں اور اسٹیک ہولڈرز کی طرف ہاتھ بڑھایا اور یہ واضح کیا کہ سیاست ہوتی رہے گی لیکن ملک کو مستحکم کرنے کے لیے معیشت کا مضبوط ہونا ناگزیر ہے۔ اسی تناظر میں پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت نے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو تحفظ اور انہیں تمام سہولیات کی فراہمی کے لیے 2023 میں اسپیشل انوسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کا قیام عمل میں لایا گیا، جس کی بدولت غیر ملکی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بحال ہوا۔

nigah stock 3

اس قبل ایک مخصوص جماعت کے رہنما برملا اظہار کرتے تھے کہ وطن عزیز دیوالیہ ہونے کے قریب ہے۔ ان کی اس خواہش کو ناکام بنانے کا چیلنج شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نے قبول کیا اور معاشی استحکام کے لیے سیاسی و عسکری قیادت نے شب و روز محنت کر کے اس سیاسی رہنما کی خواہش پر پانی پھیر دیا۔ عالمی اداروں کی رپورٹس اور معاشی اشارئیے اس بات کی دلیل ہیں کہ پاکستان کی معیشت استحکام کی راہ پر گامزن ہے۔

کسی بھی ملک کی معاشی ترقی کا اندازہ اس کی اسٹاک ایکسچینج سے لگایا جاتا ہے۔ اس تناظر میں دیکھا جائے تو فروری 2024 کے الیکشن کے بعد سے پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ روز نیا ریکارڈ قائم کر رہی ہے۔

چند دن قبل پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کر لیا اور ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 41 ہزار پوائنٹس کی سطح سے تجاوز کر گیا۔

معاشی محاذ پر یہ پیشرفت ملک کے لیے اعتماد، استحکام اور ترقی کے نئے دروازے کھول رہی ہے۔ اس نئے ریکارڈ کا جائزہ لیا جائے تو اس کے درپردہ کئی عوامل کارفرما ہیں، جن میں سب سے اہم امریکا کے ساتھ تجارتی تعلقات میں پیشرفت اور دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان کے لیے ٹیرف پالیسی میں کمی اور امریکی سرمایہ کاروں کی پاکستان کے توانائی، ٹیکنالوجی اور مینوفیکچرنگ سیکٹر میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار ہے۔ ملکی سرمایہ کاروں نے بھی تیزی کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔ اسٹاک مارکیٹ میں یومیہ لین دین کی بنیاد پر حجم گزشتہ مہینوں کے مقابلے میں کئی گنا بڑھ گیا ہے۔

nigah stock 2

ماہرین کے مطابق اسٹاک مارکیٹ کی تیزی وقتی رجحان نہیں بلکہ ایک پائیدار عمل کا اشارہ ہے۔ اس کی بنیادی وجہ معاشی پالیسیوں میں تسلسل، آئی ایم ایف پروگرام پر عمل درآمد اور سیاسی و عسکری قیادت کی ریاستی پالیسیوں پر ہم آہنگی ہے۔

ان تمام تر وجوہات کے ساتھ ساتھ پاکستان کا جغرافیائی محلِ وقوع اور خطے میں بڑھتے معاشی تعلقات اسے وسطی ایشیا، چین اور مشرقِ وسطیٰ کے لیے ایک تجارتی گیٹ وے بنا رہے ہیں۔ گوادر پورٹ، سی پیک منصوبے اور حالیہ تجارتی معاہدے اس برتری کو مزید مستحکم کر رہے ہیں۔ اس پس منظر میں اسٹاک مارکیٹ کا یہ تاریخی ریکارڈ ملک کی تجارتی پوزیشن کے مضبوط ہونے کا واضح ثبوت ہے۔

مختلف امریکی اور یورپی فنڈز کی پاکستان کے توانائی، تعمیرات، زراعت اور آئی ٹی سیکٹر میں دلچسپی کا مطلب پاکستان کا خطے میں ایک پرکشش سرمایہ کاری کے طور پر ابھرنا ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں کی بڑھتی دلچسپی پاکستان کے لیے ایک مثبت اشارہ ہے۔ ایک اندازے کے مطابق مالیاتی ماہرین کی پیشگوئی ہے کہ اگر پالیسیاں اور رفتار برقرار رہی تو ہنڈرڈ انڈیکس 1,50,000 پوائنٹس تک پہنچ سکتا ہے۔


اعلان دستبرداری: اس مضمون میں بیان کردہ خیالات اور آراء خصوصی طور پر مصنف کے ہیں اور پلیٹ فارم کے سرکاری موقف، پالیسیوں یا نقطہ نظر کی عکاسی نہیں کرتے ہیں۔

Author

  • ڈاکٹر حسین جان

    حسین جان کے علمی مفادات بین الاقوامی سلامتی، جغرافیائی سیاسی حرکیات، اور تنازعات کے حل میں ہیں، خاص طور پر یورپ پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے۔ انہوں نے عالمی تزویراتی امور سے متعلق مختلف تحقیقی فورمز اور علمی مباحثوں میں حصہ ڈالا ہے، اور ان کا کام اکثر پالیسی، دفاعی حکمت عملی اور علاقائی استحکام کو تلاش کرتا ہے۔

    View all posts
اوپر تک سکرول کریں۔