وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے واضح کردیا کہ حکومت نے اصولی فیصلہ کرلیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف پر پابندی لگنی چاہیئے، حتمی فیصلہ اتحادیوں سے مشاورت کے بعد ہوگا۔
ہم نیوز کے پروگرام میں اینکر ماریہ ذوالفقار کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پر پابندی کا اصولی فیصلہ کیا گیا، یہ ایک دہشتگرد جماعت ہے جس نے 9 مئی کیااسکے خلاف فارن فنڈنگ کا عدالتی فیصلہ بھی موجود ہے اسکے علاؤہ متعدد کیسز ہیں۔
وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ ضرورت محسوس کی گئی کہ اتحادیوں سے مشاورت کے ساتھ قانونی مشاورت بھی کیا جائے، جب اصولی فیصلہ کر لیا جائے تو اسکے بعد ہوم ورک کرکے حتمی فیصلہ کیا جاتا ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ ریاست کے وفادار اور پی ٹی آئی کے وفادار ایک دوسرے کے متصادم ہیں، جبکہ اصولی فیصلے کے بعد ہوم ورک کیا جا رہا ہے پابندی کے حوالے سے سمری وفاقی کابینہ کو بھجوائی جائے گی اور وفاقی کابینہ سپریم کورٹ آف پاکستان کو سفارش کرے گی۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف پر پابندی لگانے کا اعلان کیا تھا تاہم اس حوالے سے مزید کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی تھی جس کے بعد پی ٹی آئی رہنماؤں نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنانا شروع کردیا اور کہا کہ پی ٹی آئی پر پابندی لگانا حکومت کا ایک خواب ہے۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کی مسلسل تنقید کے بعد وزیر اطلاعات کا موقف سامنے آیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ اصولی فیصلہ ہوچکا ہے تاہم حتمی فیصلے کےلئے ہوم ورک جاری ہے اور پی ٹی آئی پر پابندی لگانے اور فیصلے کے دفاع کےلئے حکومت کے پاس ٹھوس شواہد موجود ہیں۔