سینئر صحافی خوشنود علی خان کا بڑا انکشاف، کہتے ہیں سابق ڈی آئی ایس آئی لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید سے پاکستان تحریک انصاف کے چند اہم رہنماء بھی تنگ تھے، کیونکہ پارٹی سے فیض حمید ذاتی ایجنڈے کے مطابق کام کرا رہے تھے۔
اپنے حالیہ وی لاگ میں پی ٹی آئی رہنماء حماد اظہر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے خوشنود علی خان نے کہا کہ حماد اظہر نے کہا کہ ان پر پابندیاں ہے وہ کوئی سرگرمی نہیں کر سکتے لیکن جو صورتحال نظر آرہی ہے اسکے مطابق پی ٹی آئی سے آئندہ چند دنوں میں مزید حماد اظہر سامنے آئیں گے۔
خوشنود علی خان نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کے ٹاپ سٹی معاملے میں تمام سہولت کاروں کو چاہے وہ کسی بھی ادارے میں ہوں گرفت میں لانا چاہیئے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید سے پی ٹی آئی کا ایک اہم گروپ تنگ تھا کیونکہ وہ پی ٹی آئی رہنماؤں سے ایسی باتیں کہلواتے تھے جن کا پارٹی کو کوئی فائدہ نہیں تھا لیکن جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کا ذاتی ایجنڈا ضرور تھا۔
خوشنود علی خان نے کہا بہت سارےمعاملات آپس میں مکس ہیں تاہم اداروں میں صلاحیت موجود ہے کہ اگلے چند دنوں میں ساری صورتحال واضح کردیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو ضرور سوچنا چاہیئے کہ جب فیض حمید کے حوالے سے انہیں باتیں بتائی جاتی تھیں تو انہوں نے کیوں نہیں روکا، لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کی پی ٹی آئی میں براہ راست اتنی مداخلت کیوں تھی؟ اسکی وضاحت ضرور سامنے آنی چاہیئے، جبکہ فیض حمید کے سہولت کار درجنوں ہیں یا سینکڑوں سب کو سزا ضرور ملنی چاہیئے۔