Nigah

گلگت بلتستان تمام مسالک کے امن کا گہوارہ

nigah Gilgit GB

پاکستان ایک کثیر اللسانی اور کثیر الثقافتی خطے میں واقع ہونے کے باوجود یہاں پر صدیوں سے مختلف مذاہب، ثقافت اور زبانیں بولنے والے لوگ ہم آہنگی کے ساتھ پرامن طور پر زندگی بسر کر رہے ہیں۔ اسی طرح پاکستان کا شمالی خطہ گلگت بلتستان نہ صرف جغرافیائی لحاظ سے بلکہ سیاحتی، ثقافتی و سماجی اعتبار سے بھی وطن عزیز کا قیمتی اثاثہ ہے جو ثقافتی تنوع اور اتحاد کی بہترین مثال پیش کرتا ہے۔ یہاں شیعہ، سنی، اسماعیلی اور بلتی سمیت مختلف نسلی و مذہبی کمیونٹیاں آباد ہیں۔ اپنے مختلف پس منظر کے باوجود گلگت بلتستان ہم آہنگی کی ایک روشن علامت ہے۔ اس خطے کا ثقافتی ورثہ مذہبی روایات سے لے کر رنگا رنگ تہواروں تک اتحاد کے گہرے جذبے کی عکاسی کرتا ہے جو سماجی تانے بانے کو مضبوط، ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ، قومی شناخت کو نکھارنے کے علاوہ پرامن انضمام کا درخشاں نمونہ ہے۔

nigah Gilgit Gov

گلگت بلتستان میں آباد تمام اقوام بلا تخصیص تنوع کا جشن مناتے ہیں جو عقائد اور روایات کا امتزاج ہونے کے علاوہ اتحاد برقرار رکھنے میں منفرد کردار ادا کرتا ہے۔ جشن تنوع یا کلچرل فیسٹیول سے خطے کے لوگوں میں باہمی ہم آہنگی کو فروغ اور دنیا کو مثبت پیغام دے کر سیاحت کے مواقع بڑھانے میں مدد ملتی ہے۔ یہ جشن 1970 کی دہائی کے بعد مقامی سطح پر شروع ہوا تاہم 2000 کی دہائی میں پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس اور مقامی اداروں نے باضابطہ اس کی بنیاد رکھی۔ چنانچہ حکومت گلگت بلتستان نے سیاحت کو فروغ دینے اور دنیا کو ایک پرامن اور ہم آہنگ چہرہ دکھانے کے لیے جشن تنوع کو سالانہ کیلنڈر ایونٹ کا درجہ دیا اور اب یہ گلگت بلتستان کی ثقافتی پہچان بن چکا ہے۔ یہ جشن گلگت بلتستان کے ثقافتی ورثے کے ساتھ ساتھ خطے کی جغرافیائی اہمیت کو بھی اجاگر کرتا ہے۔ جشن میں تمام مسالک کی شرکت اتحاد کی ایک عمدہ مثال پیش کرتی ہے۔

گلگت بلتستان کی طاقت اس کی وحدت میں ہے۔ دشمن کی کوشش ہے کہ گلگت بلتستان جیسے حساس علاقے میں مسلکی اختلافات پیدا کر کے اپنے مذموم مقاصد حاصل کیے جا سکیں تاہم اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے اور اس ناکامی کی بنیاد گلگت بلتستان کی تمام اقوام کا اتحاد ہے جس میں تنوع جیسے ثقافتی میلے کے انعقاد کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ یہ جشن پرامن معاشرے کا آئینہ دار ہے جس سے قومی یکجہتی کو ایک نئی جہت ملتی ہے۔ تمام مسالک میں اتحاد ایک ایسی سماجی طاقت ہے جو اس خطے کو پاکستان کے باقی علاقوں سے منفرد بناتی ہے۔ یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ گلگت بلتستان ثقافتی ہم آہنگی کا مرکز ہے۔ یہاں آباد تمام کمیونٹیز ایک دوسرے کی مذہبی آزادی اور ثقافت کا احترام کرتی ہیں۔ اسی کی بدولت گلگت بلتستان میں بیرونی عناصر کی طرف سے مسلکی معاملات کو ہوا دینے کے باوجود یہاں فسادات یا فرقہ واریت کے واقعات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ تمام مواقع پر مختلف برادریاں مل جل کر ثقافتی سرگرمیوں میں حصہ بنتی ہیں۔ بلتی ڈانس، شینا موسیقی اور خوش ذائقہ مقامی کھانے ثقافت کو ایک حسین امتزاج میں بدل دیتے ہیں۔

جشن تنوع کے تہوار میں سیاحوں کی بڑی تعداد بھی شرکت کرتی ہے۔ یہاں کے باسی دنیا کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ مذہبی اور نسلی اختلافات قومی یکجہتی میں رکاوٹ نہیں بلکہ تنوع طاقت میں بدلنے کا ذریعہ ہے۔

اعلان دستبرداری
اس مضمون میں بیان کردہ خیالات اور آراء خصوصی طور پر مصنف کے ہیں اور پلیٹ فارم کے سرکاری موقف، پالیسیوں یا نقطہ نظر کی عکاسی نہیں کرتے ہیں۔

Author

  • ڈاکٹر ظہیرال خان

    ظہیرال خان ایک مضبوط تعلیمی اور پیشہ ورانہ پس منظر کے ساتھ، وہ بین الاقوامی تعلقات میں مہارت رکھتا ہے اور بڑے پیمانے پر سیکورٹی اور اسٹریٹجک امور کے ماہر کے طور پر پہچانا جاتا ہے۔

    View all posts
اوپر تک سکرول کریں۔