Nigah

نئی سیاسی صورتحال پر نواز شریف پُرجوش، بڑا فیصلہ کر لیا، لندن روانگی مؤخر، ملک گیر دورے کرینگے

Share on facebook
Share on twitter
Share on whatsapp

سنگجانی جلسے کے بعد اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے پی ٹی آئی کے ساتھ ٹریک 2 ڈائیلاگ مکمل ختم کر دینے کے فیصلے نے حکومتی صفوں میں نیا اعتماد پیدا کر دیا ہے، سب سے بڑی تبدیلی مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں محمد نواز شریف کی سوچ میں آئی ہے اور نئی سیاسی صورتحال پر وہ انتہائی پُرجوش ہو گئے ہیں اور ملکی سیاست میں زوردار انداز میں متحرک ہونے کا بڑا فیصلہ کرتے ہوئے میڈیکل چیک اپ کیلئے اپنی مجوزہ لندن روانگی مؤخر کر دی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کے پی ٹی آئی اور بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے نئے سخت گیر موقف سے پیدا ہونے والے سیاسی مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے انہوں نے ہنگامی طور پر ملک گیر دورے کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ن لیگی ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف چاروں صوبوں کے دورے کا آغاز بلوچستان سے کریں گے۔ بلوچستان کے بعد سندھ اور پھر خیبر پختونخواہ کا دورہ کریں گے، اور پھرسے پنجاب کے مختلف اضلاع کا وزٹ کریں گے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق نوازشریف بلوچستان میں پارٹی کو ازسرنو متحرک کریں گے، نوازشریف مخلص اور دیرینہ ساتھیوں کو اعلیٰ تنظیمی عہدے دیں گے۔ پارٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ پنجاب سمیت ملک بھر میں نئی تنظیم سازی کا عمل اگلے چند ماہ کے اندر انتہائی سرعت کے ساتھ مکمل کیا جائے گا، تحصیل کی سطح تک تنظیم سازی کیلئے مشاورت کا عمل مکمل ہو چکا، نواز شریف کی حتمی منظوری سے نئی تنظیم سازی کا اعلان جلد کر دیا جائے گا، اگلے مرحلے میں یونین کونسل کی سطح تک تنظیم سازی کا عمل مکمل کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ سربراہ مسلم لیگ ن نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ بھی غیر معمولی طور پر متحرک ہیں اور انہوں نے مسلم لیگ ن پنجاب کی صوبائی تنظیم کا اجلاس 14 ستمبرکو طلب کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ہو گا، اجلاس کی صدارت پارٹی کے صوبائی صدر رانا ثناء اللہ کرینگے، اجلاس میں پارٹی کی یونین کونسل کی سطح تک نئی تنظیم سازی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا، اجلاس میں صوبے میں نئے بلدیاتی نظام کی تشکیل اور آئندہ بلدیاتی انتخابات بارے بھی مشاورت کی جائے گی، پارٹی قیادت کی جانب سے پنجاب کے تمام ڈویژنل، ضلعی اور تحصیل سطح کے صدور و جنرل سیکرٹریز کو دعوت نامے بھجوا دئیے گئے ہیں، ذرائع کے مطابق پارٹی عہدیداروں کو نئے بلدیاتی نظام بارے تجاویز ساتھ لانے کی ہدایت کر دی گئی، اب یہ کہا جا رہا ہے کہ ملکی سیاست میں پیدا ہونے والی دھماکہ خیز صورتحال کی وجہ سے میاں نواز شریف اتنے پرجوش ہیں کہ ان کی جانب سے یہ عندیہ بھی دیا گیا ہے کہ وہ اس صوبائی تنظیمی اجلاس میں خود ذاتی طور پر شریک ہوں گے۔

میاں نواز شریف نے اتحادی جماعتوں کو مزید آن بورڈ کرنے اور مل کر پی ٹی آئی کو ملک گیر سطح پر ڈینٹ ڈالنے کا بھی منصوبہ بنا لیا ہے، اس حوالے سے اطلاعات یہ ہیں کہ پنجاب میں پاور شیئرنگ کے معاملے پر پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان کی کوآرڈینیشن کمیٹی کا چھٹا اجلاس بھی آئندہ ہفتے طلب کر لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کوآرڈینیشن کمیٹی کی جانب سے ن لیگ کی کمیٹی کو گزشتہ اجلاس میں مطالبات سے آگاہ کر دیا گیا تھا اور ن لیگ کی کوآرڈینیشن کمیٹی نے پیپلز پارٹی کے مطالبات سے پارٹی قیادت کو آگاہ کر دیا ہے۔

پیپلز پارٹی نے ضلعی امن کمٹیوں، بیت المال اور زکوۃ کمیٹیوں اور پنجاب میں لا آفیسرز کی تعیناتیوں میں نمائندگی کا مطالبہ کیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے اراکین اور ٹکٹ ہولڈرز کو ترقیافی فنڈز دینے کے مطالبات بھی ن لیگ کے سامنے رکھے تھے۔ آئندہ ہفتے طلب کیے گئے چھٹے اجلاس میں ن لیگ کی کوآرڈینیشن کمیٹی پیپلز پارٹی کے مطالبات کو جزوی یا کلی طور پر تسلیم کرنے کے حوالے سے آگاہ کرے گی۔

اہم ترین

Scroll to Top