وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ علی امین گنڈا پور کی تقریر کو بانی پی ٹی آئی کی تائید حاصل تھی، بانی پی ٹی آئی کو اخبارات بھی معمول کے مطابق ملتے ہیں، سنیئر صحافی جاوید سومرو نے عمران خان سے ہونے والے گفتگو کی تفصیل بتادی۔
عادل شاہزیب کے پروگرام میں گفتگو کے دوران سنیئر صحافی جاوید سومرو کا کہنا تھا کہ اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران بانی پی ٹی آئی کافی غصے میں اور جذباتی نظر آرہے تھے اور انہوں نے اعلان کیا کہ وہ اسٹیبلشمنٹ اور سیاسی جماعتوں کے ساتھ مذاکرات کے دروازے بند کر رہے ہیں، اس حوالے سے پارٹی قائدین کو ہدایت بھی کر رہا ہوں کہ مزید مذاکرات نہیں ہونگے۔
جاوید سومرو کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے جب علی امین گنڈا پور کی اسلام آباد جلسے میں تقریر کے حوالے سے سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ علی امین گنڈاپور کو انکی مکمل حمایت حاصل ہے اور علی امین گنڈا پور نے پوری قوم کی ترجمانی کی۔
سنیئر صحافی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے پوچھا کہ انکو انکی تقریر کے مندرجات اور حالات سے کیسے آگاہی ہوئی تو انہوں نے جواب دیا کہ میرے پاس جو اخبارات آتے ہیں انہیں پڑھ کر مجھے پتہ چل جاتا ہے کہ کیا ہوا۔