امریکی ریاست جنوبی کیرولائنا کی رکنِ کانگریس نینسی میس ایک نئے تنازع میں گھر گئی ہیں جب ایک پولیس رپورٹ میں ان کے ایئرپورٹ پر عملے سے بدسلوکی کے الزامات سامنے آئے۔ رپورٹ کے مطابق نینسی میس نے سکیورٹی چیک پوائنٹ پر پولیس اور ٹی ایس اے کے اہلکاروں سے سخت اور نازیبا زبان استعمال کی۔ واقعہ صبح سات بجے کے قریب پیش آیا جب وہ "نون کریو ممبر” کے لیے مخصوص راستے سے گزرنے کی کوشش کر رہی تھیں، جو عام طور پر صرف ایئرلائن عملے کے لیے مخصوص ہوتا ہے۔
پولیس رپورٹ میں بتایا گیا کہ جب اہلکار موقع پر پہنچے تو نینسی میس نے بلند آواز میں گالیاں دینا شروع کر دیں اور کہا کہ "یہ کسی امریکی رکنِ کانگریس کے ساتھ سلوک کرنے کا طریقہ نہیں ہے۔”
اہلکاروں کے مطابق جب انہیں گیٹ تک پہنچایا جا رہا تھا تو نینسی میس نے اپنے ساتھی سینیٹر ٹِم اسکاٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ "تم ٹِم اسکاٹ کے ساتھ ایسا سلوک کبھی نہ کرتے۔” وہ مسلسل فون پر چیختی رہیں اور گیٹ بی-8 تک یہی رویہ برقرار رکھا۔ بعد ازاں ایک ایئر لائن اہلکار نے پولیس کو بتایا کہ وہ نینسی میس کے رویے پر حیران رہ گیا اور کہا کہ "ایک رکنِ کانگریس کو ایسا نہیں کرنا چاہیے۔”
ٹی ایس اے کے سپروائزر نے بھی پولیس کو شکایت کی اور بتایا کہ وہ میس کے رویے سے انتہائی ناراض ہیں۔ ان کے مطابق نینسی میس نے کئی دیگر ٹی ایس اے اہلکاروں سے بھی اسی انداز میں گفتگو کی۔ رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سرکاری بندش کے باعث ٹی ایس اے اہلکاروں کو مکمل تنخواہ نہیں مل رہی تھی۔
نینسی میس کے دفتر نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس ویمن کی سکیورٹی خدشات حقیقی ہیں، خاص طور پر چارلی کرک پر حملے کے بعد۔ بیان میں کہا گیا کہ "ہم ان کی حفاظت کو بہت سنجیدگی سے لیتے ہیں اور اس معاملے کو سیاسی رنگ دینا خطرناک عمل ہے۔”
نینسی میس نے بعد ازاں سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” پر کہا:
"یہی راستہ تمام اراکینِ کانگریس استعمال کرتے ہیں۔ کیا میڈیا یہ بھی لکھے گا کہ سینیٹر لنزی گراہم اور ٹِم اسکاٹ بھی یہی راستہ استعمال کرتے ہیں یا نہیں؟”
پولیس کے مطابق واقعے کی ویڈیو میں نظر آیا کہ نینسی میس کو جس گاڑی میں لایا گیا، اس کا رنگ رپورٹ میں دیے گئے رنگ سے مختلف تھا، جس کی وجہ سے کچھ غلط فہمی پیدا ہوئی۔ رپورٹ کے اختتام میں کہا گیا کہ اگر کوئی عام شہری ایسا برتاؤ کرتا تو فوراً کارروائی کی جاتی۔