Nigah

پیپلز پارٹی کی سنی گئی، پنجاب میں پاور شیئرنگ پر تحفظات دور کرنے کیلئے فوری اقدامات کا فیصلہ

Share on facebook
Share on twitter
Share on whatsapp

پنجاب میں پاور شیئرنگ فارمولے پر عملدرآمد میں ن لیگ کی عدم دلچسپی کے حوالے سے پیپلز پارٹی کی شکایات کے ازالے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے اور یہ طے پایا ہے کہ گراس روٹ لیول تک پیپلز پارٹی کو ترقیاتی فنڈز اور تقرریوں و تبادلوں میں ہر ضلع کے مقامی سیاسی حالات کے مطابق بھرپور اکاموڈیٹ کیا جائے گا، صوبائی سطح پر مختلف محکموں میں پیپلز پارٹی کے جن ارکان اسمبلی کو بطور کوآرڈینیٹرز ذمے داریاں دی گئی تھیں انہیں بھی ایمپاور کرنے کیلئے فارمولے کو جلد حتمی شکل دینے کی یقین دہانی کروا دی گئی ہے، دونوں جماعتوں میں صوبائی دارالحکومت سے ضلعی و تحصیل ہیڈکوارٹرز تک ورکنگ ریلیشن شپ بہتر بنانے اور پاور شیئرنگ کے معاملے پر دوطرفہ تحفظات دور کرنے کیلئے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی رابطہ کمیٹیوں کا اجلاس اتوار کو گورنر ہاؤس لاہور میں بلا لیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات کے دوران پیپلز پارٹی کی طرف سے شکوہ کیا گیا ہے کہ پنجاب حکومت میں پیپلز پارٹی کو مسلسل نظر انداز کیا جارہا ہے۔ جس پر وزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف سے رابطہ کر کے اس حوالے سے صورتحال میں فوری بہتری لانے کیلئے کہا ہے۔

یاد رہے کہ میاں شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری کی اس اہم ملاقات میں دونوں سیاسی جماعتوں کی اعلی قیادت بھی شریک تھی، پیپلز پارٹی کے وفد میں شیری رحمان، نوید قمر اور راجہ پرویز اشرف شامل تھے جب کہ مسلم لیگ (ن) کی طرف سے اسحاق ڈار اور رانا ثناء اللہ نے وزیراعظم کی معاونت کی، حکومت نے آئندہ چند روز میں اہم قانون سازی کے لیے بلاول بھٹو کو اعتماد میں لیا ہے اور اہم قانون سازی کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کو بلایا جا رہا ہے۔

اہم ترین

Scroll to Top