Nigah

پی ٹی آئی کا 8 ستمبر کا جلسہ ہوگا یا نہیں؟ شرطیں لگ گئیں، بکیوں نے ریٹ کیا نکالا؟ دلچسپ تفصیلات

Share on facebook
Share on twitter
Share on whatsapp

شیر آیا، شیر آیا والی کہانی کی طرح پی ٹی آئی کی طرف سے لاہور اور اسلام آباد میں بڑا جلسہ کرنے کے اعلانات پر بھی اب کسی کو یقین نہیں رہا، اس لیئے جواریوں نے اس پر بھی شرطیں لگانا شروع کر دی ہیں کہ تحریک انصاف 8 ستمبر کو اسلام آباد میں جلسہ کرے گی کہ نہیں، جلسہ منعقد ہونے کا ریٹ جلسہ منعقد نہ ہونے کے ریٹ کا ایک تہائی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ بکیوں نے یہ ریٹ نکال کر پی ٹی آئی کے جذباتی کارکنوں کو لوٹنے کا پروگرام بنایا ہے جو 8 ستمبر کو ہر صورت میں جلسہ ہوگا کے اعلانات سے متاثر ہو کر بڑھ چڑھ کر جلسہ منعقد ہونے کے حق میں شرطیں لگا رہے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ خود پی ٹی آئی کی قیادت بھی اس حوالے سے گومگو کا شکار ہے کہ انہیں جلسے کی اجازت کا ملنے والا این او سی آخری وقت میں منسوخ ہو گا یا نہیں اور یہ کہ حکومت کی طرف سے انہیں جلسے کے حوالے سے فری ہینڈ دیا جائیگا یا نہیں۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کا اس حوالے سے دوٹوک موقف ہے کہ پی ٹی آئی جب تک 9 مئی کے حوالے سے علانیہ معافی نہیں مانگتی اسے جلسے کی اجازت نہ دی جائے، رانا ثناءاللہ نے 8 ستمبر کے جلسے کا این او سی منسوخ ہونے کا اشارہ اسی تناظر میں دیا ہے۔

جلسے کا اعلان کر کے پھر اسے آگے لے جانے کی روایت پاکستان تحریک انصاف نے لاہور کا جلسہ 15 ستمبر کے بجائے 22 ستمبر کو کرنے کا اعلان کر کے بھی برقرار رکھی ہے۔ پی ٹی آئی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حماد اطہر نے اعلان کیاہے کہ پارٹی نے 22 ستمبر کو مینار پاکستان گراؤنڈ میں ہونے والے جلسے کیلئے نئے سرے سے درخواست جمع کرا دی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان کی طرف سے دی گئی تین صفحات پر مشتمل پہلی درخواست میں ڈپٹی کمشنر لاہور سے 15 ستمبر کو مینار پاکستان پر بڑے سیاسی اجتماع کیلئے این او سی مانگا گیا تھا۔

حماد اظہر نے اب بتایا ہے کہ عید میلادالنبی کی وجہ سے 15 ستمبر کو جلسہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور لاہور میں اب 22 ستمبر کو عوامی جلسے کیلئے نئے سرے سے ایک درخواست جمع کرائی گئی ہے جبکہ پی ٹی آئی زیادہ تر توجہ 8 ستمبر کو اسلام آباد جلسے کو دیگی، 12ربیع الاول کی مناسبت سے پی ٹی آئی ایک بڑی مذہبی تقریب بھی منعقد کریگی۔

اہم ترین

Scroll to Top