Nigah

خیبرپختونخوا حکومت کی عمران خان کو سزا سنانے والے جج کیخلاف انتقامی کارروائی، کرپشن کیس کی ایف آئی آر درج

Share on facebook
Share on twitter
Share on whatsapp

پی ٹی آئی کی خیبرپختونخوا صوبائی حکومت کی طرف سے اپنے بانی چیئرمین کو توشہ خانہ کیس میں سزا سنانے والے جج ہمایوں دلاور، ان کے والد اور بھائی کیخلاف انتقامی کارروائی کرتے ہوئے ایک من گھڑت مقدمہ کے اندراج نے پاکستان میں عدلیہ کی آزادی اور دباؤ، بلیک میلنگ اور انتقامی کارروائیوں سے پاک ماحول میں انصاف کی فراہمی کے عمل کے حوالے سے سنگین خدشات پیدا کر دیئے ہیں۔

بنوں سے آنے والی اطلاعات کے مطابق سرکاری اراضی پر غیر قانونی قبضے کے الزام میں اسپیشل جج ایف آئی اے کورٹ اسلام آباد ہمایوں دلاور، انکے بھائی صادق دلاور، والد دلاور خان اور رجسٹرار تاج مالی خان کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے، اس سلسلے میں جوڈیشل مجسٹریٹ بنوں محبوب الحسن کی عدالت سے خیبرپختونخوا حکومت کی درخواست پر محکمہ اینٹی کرپشن نے وارنٹ گرفتاری حاصل کیئے۔

خیبرپختونخوا حکومت کا الزام ہے کہ جج ہمایوں دلاور نے باپ بھائی اور دیگر ملزمان سے مل کر عدالتی فیصلے میں جعلی اندراج کے ذریعے زمین اپنے نام کرنے کے بعد ہاؤسنگ سوسائٹی میں شامل کی جس سے خیبرپختونخوا حکومت کو کروڑں روپے کا نقصان ہوا۔

یاد رہے کہ ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے جب توشہ خانہ کیس ون میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو جب قید کی سزا سنائی تو ان دنوں بھی پی ٹی آئی نے ان کیخلاف کردار کشی کی انتہائی گھٹیا اور بازاری مہم سوشل میڈیا پر لانچ کر کے بدترین انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا تھا۔

خیبرپختونخوا حکومت کی طرف سے انتقامی کارروائی کرتے ہوئے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو سزا سنانے والے جج اور ان کی فیملی کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنانا ان کے خلاف کیسز کی سماعت کرنے والے دیگر ججز کیلئے بھی ایک پیغام ہے کہ اگر انہوں نے عمران خان کیخلاف زیر سماعت کیسز میں الزامات ثابت ہونے پر سزائیں سنائیں تو انہیں اور ان کی فیملیز کو بھی اسی طرح سے انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جائے گا۔

پاکستان میں طاقتور ملزمان کی طرف سے عدالتوں اور معزز جج صاحبان پر اس طریقے سے دباؤ ڈالنے کی کوششیں فری اینڈ فیئر جسٹس کے اصول کے خلاف ہے اور ستم ظریفی یہ ہے کہ گھناؤنی حرکت اس سیاسی جماعت کی طرف سے کی جا رہی ہے کہ جس کا نام ہی تحریک انصاف ہے، گویا آنکھوں سے اندھی اور نام نور بی بی۔

اہم ترین

Scroll to Top