وزیراعظم شہباز شریف کی امریکی صدر جو بائیڈن سے ملاقات کے بعد سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے امریکہ کے دورے کی خبر نے پی ٹی آئی اور بانی پی ٹی آئی کی راتوں کی نیندیں اڑا دی ہیں، اس لیئے سیاسی بلیک میلنگ کی انتہا کرتے ہوئے پی ٹی آئی قیادت خاص طور پر وزیراعلیٰ گنڈا پور نے لاٹھی گولی کے استعمال کی دھمکیاں دینا شروع کر دیں ہیں اور انتشاری ٹولہ اب 9 مئی 2 کی گیدڑ بھپکیاں دے کر اپنے مطالبات منوانا چاہتا ہے۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ آئی ایم ایف سے 7 ارب ڈالر کے پیکج کی منظوری اور امریکہ و برطانیہ کے ساتھ ن لیگ کی منتخب حکومت کے خیر سگالی پر مبنی خوشگوار تعلقات کی وجہ سے بانی پی ٹی آئی کی طرف سے شروع کروایا گیا آپریشن گولڈ اسمتھ وڑ گیا ہے کہ جس کے تحت لندن اور واشنگٹن سے پاکستانی اسٹیبلشمنٹ پر دباؤ ڈلوانے کی سازش کی جا رہی تھی، اس بڑی ناکامی پر پی ٹی آئی سخت پریشان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسی دوران دی ٹائمز آف اسرائیل اور دی یروشلم پوسٹ جیسے مرکزی اسرائیلی اخبارات میں بانی پی ٹی آئی کی اسرائیل کو تسلیم کروانے کی خفیہ یقین دہانیوں کے انکشافات کا بھی پاکستانی رائے عامہ اور امت مسلمہ میں منفی اثر ہوا ہے اور بانی پی ٹی آئی کی جو جعلی امیج بلڈنگ کی گئی تھی وہ ساری عمارت دھڑام سے نیچے آ گری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگ کے سربراہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف اکتوبر کے شروع میں امریکہ اور برطانیہ کے مختصر دورے پر جا رہے ہیں، ابتدا میں کہا جا رہا تھا کہ وہ علاج کیلئے لندن جا رہے ہیں، اب رہنما مسلم لیگ ن سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف اکتوبر کے آغاز میں امریکہ جائیں گے۔ انہوں نے یہ وضاحت نہیں کی کہ آئینی ترمیم کی منظوری میاں نواز شریف کی امریکہ روانگی سے پہلے ہو گی یا واپسی پر کی جائے گی، اس سلسلے میں عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ ترمیم یا تو اکتوبر کے پہلے ہفتے میں کی جائے گی یا دوسرے ہفتے میں۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی یہ طے نہیں ہوا کہ آئینی ترمیم کیلئے پارلیمنٹ کے اجلاس اکتوبر کے پہلے ہفتے میں بلائے جائیں یا دوسرے ہفتے میں، اس حوالے سے حتمی فیصلہ وزیراعظم کی وطن واپسی کے بعد میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف اتحادی جماعتوں کی قیادت کی مشاورت سے، خاص طور پر صدر زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ تفصیلی صلاح مشورے اور مولانا فضل الرحمان کے ساتھ رابطوں کی تفصیلات سے آگاہی کے بعد مل بیٹھ کر کریں گے۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کے دورہ امریکہ کے دوران ان کے طبی معائنہ اور علاج کے ساتھ ساتھ اہم ملاقاتیں بھی شیڈولڈ ہیں، آپریشن گولڈ اسمتھ کے تحت پاکستان کی داخلی سیاست میں گھس بیٹھ کیلئے جو کھیل کھیلا جا رہا ہے اس کے غبارے سے میاں نواز شریف کے امریکہ و برطانیہ کے مجوزہ دورہ کے باعث ساری ہوا نکل جائے گی۔