Nigah

ایرانی تیل تنصیبات کو نشانہ نہ بنائیں، عرب ممالک کا امریکہ پر دباؤ، حملے کی منظوری کیلئے اسرائیلی سکیورٹی کابینہ کا اجلاس آج رات ہوگا

Share on facebook
Share on twitter
Share on whatsapp

سعودی عرب و دیگر خلیجی ممالک نے ہنگامی طور پر امریکہ سے رابطہ کر کے دباؤ ڈالنا شروع کر رکھا ہے کہ وہ اسرائیل کو ایران کی تیل تنصیبات کو نشانہ بنانے سے روکے، کیونکہ اس سے پورے خطے کی تیل کی صنعت و تجارت عدم استحکام کا شکار ہو جائے گی، مغربی میڈیا ذرائع کا دعویٰ ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیل کے وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو سے 50 منٹ کی طویل کال کے دوران گفتگو کرتے ہوئے زور دیا کہ اسرائیل ایران پر جوابی حملہ کرتے وقت اس کی تیل کی تنصیبات اور ایٹمی تنصیبات کو نشانہ نہ بنائے تو اس کے جواب میں نیتن یاہو نے موقف اختیار کیا کہ ایک طویل انتظار کے بعد تو اسرائیل کو یہ موقع میسر آیا ہے وہ اسے کیسے ضائع کر سکتا ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل کی سلامتی کابینہ کا اجلاس آج رات ہوگا جس میں ایران کے میزائل حملے کا جواب دینے کی منظوری دی جائے گی جس کے بعد کسی بھی وقت ایران پر حملہ کر دیا جائے گا۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق، سیکیورٹی کابینہ کا اجلاس مقامی وقت کے مطابق رات ساڑھے آٹھ بجے شروع ہوگا۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ وزرا سے کہا جائے گا کہ وہ ایران کے خلاف اسرائیل کے ردعمل کی منظوری دیں۔

یکم اکتوبر کو ایران نے اسرائیل پر میزائل حملہ کیا جس پر تل ابیب انتظامیہ نے اعلان کیا تھا کہ وہ ایران کے اس حملے کا جواب دے گی۔

دوسری طرف ایرانی حکومت اور پاسداران انقلاب کی قیادت نے بھی اعلان کر رکھا ہے کہ جونہی اسرائیل نے ایران پر حملہ کیا، ایران جواب میں اسرائیل پر میزائل داغ دے گا، تمام میزائل نصب کر دیئے گئے ہیں اور بس بٹن دبانے کی دیر ہے۔

اہم ترین

Scroll to Top