Nigah

بلوچستان پاکستان کی میراث

nigah afghan nigah

پاکستان کے مجموعی رقبے پر تقریبا نصف حصہ پر پھیلا قدرتی وسائل اور ذخائر سے مالا مال صوبہ بلوچستان میں بسنے والے عوام کا قیامِ پاکستان میں کردار محض ایک سیاسی وابستگی نہیں بلکہ ایک عہد، قربانی کی داستان، روشن و درخشندہ باب ہے۔ جس میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی سیاسی بصیرت اور نظریہ کی جھلک نمایاں ہے۔

برصغیر کی آزادی کی تحریک میں اگرچہ زیادہ تر توجہ پنجاب، سندھ اور بنگال پر مرکوز رہی، مگر بلوچستان کے عوام نے بھی قیامِ پاکستان کی جدوجہد میں ایسے نمایاں اور تاریخی کردار ادا کیے جو ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ محدود وسائل، سیاسی محرومی اور برطانوی دور میں نظراندازی کے باوجود بلوچ عوام نے اپنی سیاسی بصیرت، قربانیوں اور اتحاد کے ذریعے قیامِ پاکستان کے عمل کو تقویت دی۔

بلوچستان کے قبائلی عمائدین اور نوابین نے تحریکِ پاکستان میں کلیدی کردار ادا کیا۔ کلات کے خان، مکران، لسبیلا اور خاران کے حکمرانوں نے قائداعظم سے براہِ راست رابطے رکھے اور تحریکِ پاکستان کے حق میں کھل کر اظہار کیا۔

بلوچستان میں تحریکِ پاکستان کے دوران خواتین نے بھی قابلِ ذکر کردار ادا کیا۔ اگرچہ ان کی سرگرمیاں زیادہ تر پردے میں رہیں، مگر انہوں نے گھروں میں سیاسی بیداری پیدا کرنے، نوجوانوں کو متحرک کرنے اور مالی تعاون فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ اس وقت کے حالات میں خواتین کی اس شمولیت کو ایک بڑی کامیابی سمجھا جاتا ہے۔ قائداعظم نے 1943 میں مستونگ میں مسلم لیگ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا تھا "بلوچستان کے عوام کو وہی حقوق ملیں گے جو پاکستان کے کسی بھی حصے کے شہریوں کو حاصل ہوں گے۔”

nigah balochistan 2

قائداعظم کے ان الفاظ نے بلوچستان کے عوام کے دل جیت لیے۔ زیارت میں قیام کے دوران بھی مقامی عوام سے ان کا قریبی رابطہ رہا۔ ان دوروں نے بلوچ عوام میں پاکستان کے لیے محبت اور اعتماد کو مزید مضبوط کیا۔

14 اگست 1947 کو جب پاکستان معرضِ وجود میں آیا تو بلوچستان کے شہروں میں جشن کا سماں تھا۔ کوئٹہ، مستونگ اور تربت میں لوگوں نے پاکستان کے پرچم لہرائے، نعرے لگائے اور خوشی کے جلوس نکالے۔ یہ جشن اس بات کا اظہار تھا کہ بلوچ عوام اپنے فیصلے پر مطمئن اور خوش تھے۔

آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اس تاریخی کردار کو یاد رکھیں، نئی نسل کو آگاہ کریں اور بلوچستان کو ترقی و خوشحالی کے اس مقام تک پہنچائیں جس کا خواب قائداعظم اور بلوچ عوام نے مل کر دیکھا تھا۔


اعلان دستبرداری: اس مضمون میں بیان کردہ خیالات اور آراء خصوصی طور پر مصنف کے ہیں اور پلیٹ فارم کے سرکاری موقف، پالیسیوں یا نقطہ نظر کی عکاسی نہیں کرتے ہیں۔

Author

  • ایک تجربہ کار صحافی ہیں جن کا 30 سال کا تحریری تجربہ ہے ۔انہوں نے ڈیلی مشرق ، ڈیلی ایکسپریس اور ڈیلی آج سمیت معروف اخبارات میں تعاون کیا ہے ۔:

    View all posts
اوپر تک سکرول کریں۔