Nigah

بیجنگ کے نرسنگ ہوم میں سیلاب سے ہلاکتیں: ہنگامی تیاریوں میں "دردناک سبق”

nigah beiging flood
[post-views]

بیجنگ، چین اس موسم گرما میں چین کو اپنی لپیٹ میں لینے والے تباہ کن سیلاب نے ایک افسوسناک سانحہ جنم دیا ہے۔ بیجنگ کے ضلع می یون میں واقع ایک نرسنگ ہوم میں 31 معمر رہائشی جان کی بازی ہار گئے۔ یہ مرکز اچانک آنے والے پانی کی لپیٹ میں آ گیا، جہاں سیلابی ریلے کمر تک پہنچ گئے اور درجنوں ضعیف و معذور افراد پھنس گئے۔

مقامی حکام نے اعتراف کیا ہے کہ "ہنگامی منصوبہ بندی میں سقم موجود تھے” اور اس واقعے کو "دردناک سبق” اور "چتاؤنی” قرار دیا۔ حکام کے مطابق یہ نرسنگ ہوم ایسے علاقے میں واقع تھا جسے محفوظ سمجھا جاتا رہا، اسی لیے اسے انخلا کے منصوبے میں شامل نہیں کیا گیا، اور یہی کوتاہی جان لیوا ثابت ہوئی۔ چینی ذرائع ابلاغ کے مطابق جب پانی کی سطح تیزی سے تقریباً دو میٹر (چھ فٹ) تک جا پہنچی تو عمارت میں تقریباً 77 افراد موجود تھے جن میں سے لگ بھگ 40 پھنس گئے۔

یہ سانحہ اس وسیع تر سلسلے کا حصہ ہے جس میں اس موسم گرما کے دوران چین شدید موسمی حالات کی زد میں ہے۔ صرف بیجنگ میں آنے والے سیلاب 44 جانیں لے چکے ہیں۔ قریبی صوبہ ہیبئی میں 16 افراد ہلاک ہوئے جبکہ صوبہ شینڈونگ کے ایک شہر میں سمندری طوفان ویپھا کے باعث دو افراد جاں بحق اور دس لاپتہ ہو گئے۔

ماہرین نے ان شدید موسمی حالات کو ماحولیاتی تبدیلیوں (کلائمٹ چینج) کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ رواں سال کے صرف پہلے چھ ماہ میں قدرتی آفات سے چین کو 54 ارب یوان (7.5 ارب ڈالر) سے زائد کا مالی نقصان ہو چکا ہے، جن میں زیادہ تر نقصانات سیلاب کے باعث ہوئے۔

اوپر تک سکرول کریں۔