ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے میں پاکستان کے خلاف کامیابی کے بعد بھارتی ٹیم نے ایک بار پھر اپنے رویے سے کھیل کے آداب اور اسپورٹس مین اسپرٹ کو نظر انداز کیا۔ میچ ختم ہوتے ہی بھارتی کھلاڑی پاکستانی ٹیم سے ہاتھ ملائے بغیر سیدھے ڈریسنگ روم واپس چلے گئے۔ بعدازاں ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے کھلاڑیوں کو واپس بلا کر صرف میچ آفیشلز سے ہاتھ ملانے کی ہدایت دی۔
بھارتی خبر رساں ادارے ہندوستان ٹائمز کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان ہاتھ ملانے کا تنازع ایک ہفتہ گزرنے کے باوجود ختم نہیں ہو سکا اور سپر فور مرحلے کے میچ نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا۔ اس بار توجہ کھلاڑیوں پر نہیں بلکہ بھارتی ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر پر مرکوز رہی جنہوں نے ٹیم کو ہدایت دی کہ وہ صرف امپائرز سے ہاتھ ملائیں اور پاکستانی کھلاڑیوں کو مکمل طور پر نظر انداز کریں۔
ٹاس کے وقت بھی بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے پاکستان کپتان سلمان علی آغا سے ہاتھ نہیں ملایا اور براہِ راست پریزینٹر روی شاستری کی جانب بڑھ گئے۔ میچ کے اختتام پر بھارتی بیٹرز تلک ورما اور ہاردک پانڈیا، جنہوں نے سات گیندیں قبل ٹیم کو فتح دلائی، سیدھے ڈریسنگ روم واپس چلے گئے۔
میچ کے بعد سامنے آنے والی ایک ویڈیو، جسے nigah.pk نے بھی رپورٹ کیا، میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گوتم گمبھیر نے بھارتی کھلاڑیوں کو ڈریسنگ روم سے واپس بلا کر صرف امپائرز اور آفیشلز سے ہاتھ ملانے پر مجبور کیا۔ پاکستانی کھلاڑی حیران رہ گئے جب بھارتی ٹیم ان کے قریب آئی لیکن مصافحہ کیے بغیر واپس چلی گئی۔
بعدازاں گوتم گمبھیر نے انسٹاگرام پر ابھیشیک شرما اور شبمن گل کی تصویر شیئر کرتے ہوئے صرف ایک لفظی کیپشن دیا: "Fearless” (بے خوف)۔
میچ میں بھارتی اوپنرز شبمن گل (47) اور ابھیشیک شرما (74) نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 59 گیندوں پر 105 رنز کی پارٹنرشپ کے ذریعے پاکستان کو دباؤ میں ڈال دیا۔ بھارت نے 172 رنز کا ہدف 6 وکٹوں سے آسانی سے حاصل کر لیا۔
میچ کے بعد بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ "بھارت اور پاکستان کا میچ رائیولری کہلانے کے قابل ہی نہیں رہا، کیونکہ یہ مقابلہ یکطرفہ ہو چکا ہے۔” ان کا مزید کہنا تھا کہ اوپنرز شبمن گل اور ابھیشیک شرما کی جوڑی "آگ اور برف کا امتزاج” ہے جس نے ٹیم کے لیے سب کچھ آسان کر دیا ہے۔
آئندہ میچز کی صورتحال
nigah.pk کے مطابق پاکستان پر ایک اور فتح کے بعد بھارت بدھ کو اسی میدان میں بنگلہ دیش کا مقابلہ کرے گا جبکہ پاکستان منگل کو ابوظہبی میں سری لنکا کے خلاف بقا کی جنگ لڑے گا۔ اگر بھارت بنگلہ دیش کو ہرا دیتا ہے تو فائنل میں جگہ بنانے کے قریب پہنچ جائے گا۔ سپر فور کی ٹاپ دو ٹیمیں 28 ستمبر کو دبئی میں فائنل کھیلیں گی۔
Author
-
مصنف ایک معزز میڈیا پیشہ ور ہیں جو نیشنل نیوز چینل ایچ ڈی کے چیف ایگزیکٹو اور "دی فرنٹیئر انٹرپشن رپورٹ" کے ایگزیکٹو ایڈیٹر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ان سے پر رابطہ کیا جاسکتا ہے ۔
View all posts