Nigah

عام انتخابات 2024 میں دھاندلی کا الزام، پی ٹی آئی سپریم جوڈیشل کونسل پہنچ گئی

چیف الیکشن کمشنر پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے عام انتخابات 2024 میں پی ٹی آئی کے امیدواروں کو غلط طور پر آزاد امیدوار قرار دے کر آئین اور سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کی ہے، جس سے ملک میں جمہوریت کو نقصان پہنچا۔
Share on facebook
Share on twitter
Share on whatsapp

پاکستان تحریک انصاف نے عام انتخابات 2024 میں دھاندلی کے الزامات کی بنیاد پر چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے دیگر ارکان کو ہٹانے کی درخواست کے ساتھ سپریم جوڈیشل کونسل میں شکایت دائر کر دی ہے۔

شکایت کنندگان، تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ، ریٹائرڈ جج جسٹس نور الحق قریشی اور صوبائی اسمبلی سندھ کے محمد شبیر نے بیرسٹر علی طاہر کے ذریعے جمعہ کو آئین کے آرٹیکل 209 کے تحت یہ شکایت جمع کروائی۔

شکایت میں 8 فروری 2024 کو منعقدہ عام انتخابات کے دوران چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ اور کمیشن کے ارکان پر انتخابات سے قبل، انتخابات کے دن اور انتخابات کے بعد دھاندلی اور دیگر سنگین الزامات لگائے گئے ہیں۔

شکایت کنندگان نے الزام لگایا ہے کہ جواب دہندگان نے عام انتخابات 2024 میں پی ٹی آئی کے امیدواروں کو غلط طور پر آزاد امیدوار قرار دے کر آئین اور سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کی ہے، جس سے ملک میں جمہوریت کو نقصان پہنچا ہے۔

شکایت کنندگان نے مخصوص نشستوں کے معاملے پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد جواب دہندگان کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے مینڈیٹ کو کمزور کرنے کی کوشش کی ہے۔

شکایت کنندگان نے آئین کے آرٹیکل 224 کے مطابق عام انتخابات کی آئینی مدت کے اندر منعقد نہ کرنے پر بھی جواب دہندگان کی مذمت کی ہے اور سپریم جوڈیشل کونسل سے اس معاملے کی مکمل اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی استدعا کی ہے۔

اہم ترین

Scroll to Top