نومبر ۲۰۲۶ کے آخری ہفتے میں روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا کا بیان کئی لحاظ سے اہم ہے۔ انھوں نے صاف الفاظ میں کہا کہ داعش خراسان، یعنی تکفیری دہشت گرد تنظیم جسے ISKP بھی کہا جاتا ہے، افغانستان میں بدستور سرگرم ہے اور پورے خطے کے لیے ایک حقیقی اور سنگین خطرہ بنی ہوئی ہے۔ یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب ۱۹ نومبر ۲۰۲۶ کو اقوامِ متحدہ کے قائم مقام انڈر سیکریٹری جنرل برائے انسدادِ دہشت گردی الیگزینڈر زوئیف نے روسی خبر رساں ادارے تاس کو انٹرویو دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ داعش خراسان نے جدید تکتیکی ساز و سامان، بشمول ڈرونز، حاصل کر لیے ہیں اور وہ اپنی عسکری صلاحیت کو ازسرِنو بڑھا رہی ہے۔ یہ کوئی معمول کا سفارتی بیان نہیں تھا، بلکہ یہ اس بڑھتے ہوئے عالمی اتفاقِ رائے کا عکس ہے کہ افغانستان دہشت گردی کے لیے ایک پناہ گاہ بنتا جا رہا ہے اور اس کی آنچ اب سرحدوں سے بہت دور تک پہنچ رہی ہے۔
داعش خراسان: حقائق اور تازہ ترین تجزیے
روسی وزارتِ خارجہ کے مارچ ۲۰۲۶ کے اہم دستاویز کے مطابق افغانستان میں مختلف بین الاقوامی دہشت گرد تنظیموں سے وابستہ تقریباً بیس سے تئیس ہزار افراد موجود ہیں، جن میں نصف سے زیادہ غیر ملکی جنگجو ہیں۔ اس رپورٹ میں داعش خراسان کے تین ہزار کے قریب جنگجو بتائے گئے ہیں۔ روسی وزارتِ خارجہ کے مطابق یہ خوارج مشرقی، شمالی اور شمال مشرقی افغانستان میں پھیلے ہوئے ہیں اور وسطی ایشیا میں سرکاری حکومتوں کو کمزور کر کے خلافت قائم کرنے کے اہداف کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔
روسی وزیرِ خارجہ سرگئی لاوروف نے جولائی ۲۰۲۶ میں واضح کیا تھا کہ داعش خراسان وسطی ایشیا کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے اور وہ افغانستان کو اپنی توسیع کی بنیاد کے طور پر استعمال کرنا چاہتی ہے۔ ستمبر ۲۰۲۶ میں اقوامِ متحدہ میں روس کے مستقل نمائندے واسیلی نیبینزیا نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں متنبہ کیا کہ یہ تنظیم ابھی تک ختم نہیں ہوئی اور اس کی عسکری صلاحیت قابلِ ذکر ہے۔ اقوامِ متحدہ کی ۱۰ اگست ۲۰۲۶ کی سلامتی کونسل کی مانیٹرنگ رپورٹ نے داعش خراسان کو افغان حکام اور وسیع علاقے کے لیے سب سے بڑا دہشت گرد خطرہ قرار دیا ہے، یہ کہتے ہوئے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کی تعمیرِ نو کر رہی ہے۔
یہاں ایک اہم پہلو یہ ہے کہ طالبان حکام باربار یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ انھوں نے داعش خراسان کو کچل دیا ہے اور اس کی کوئی فزیکل موجودگی نہیں رہی۔ لیکن اقوامِ متحدہ اور روس سمیت عالمی برادری کے تجزیے اس دعوے کی تردید کرتے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ طالبان حکام نے انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں تو کی ہیں لیکن یہ کارروائیاں داعش خراسان کے نیٹ ورک کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے کافی نہیں رہیں۔
افغان عبوری حکام: بیان اور حقیقت کے درمیان فاصلہ
سوال یہ ہے کہ افغان حکام کی دہشت گردی کے خلاف پالیسی کس حد تک موثر ہے؟ طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد باربار کہتے ہیں کہ افغانستان سے کوئی خطرہ نہیں نکلے گا اور تمام ہمسایہ ممالک کو یقین دلاتے ہیں۔ لیکن زمینی حقائق ایک مختلف کہانی بیان کرتے ہیں۔
اقوامِ متحدہ کی رپورٹس واضح کرتی ہیں کہ افغانستان میں داعش خراسان کے علاوہ تحریکِ طالبان پاکستان (TTP) اور دیگر دہشت گرد تنظیمیں بھی سرگرم ہیں۔ پاکستان کے اقوامِ متحدہ میں سفیر نے سلامتی کونسل میں بتایا ہے کہ افغانستان سے جنم لینے والے دہشت گردانہ حملوں میں اب تک چار ہزار سات سو سے زائد پاکستانی شہید ہو چکے ہیں۔ یہ ایک ایسا المیہ ہے جو واضح کرتا ہے کہ افغانستان کی زمین پر موجود دہشت گردی صرف افغانستان کا داخلی مسئلہ نہیں رہی۔
افغان عبوری حکام کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ نہ صرف زبانی دعوے کریں بلکہ عملی اقدامات بھی اٹھائیں۔ داعش خراسان کے ٹھکانوں، مالی نیٹ ورکس، بھرتی کے عمل اور نقل و حرکت کے راستوں کو مستقل بنیادوں پر ختم کرنا ضروری ہے۔ بین الاقوامی برادری کی نظریں ان پر لگی ہیں اور یہ وقت کا تقاضا ہے کہ افغان عبوری حکام بلاامتیاز تمام دہشت گرد تنظیموں کے خلاف قابلِ اعتماد اور پائیدار کارروائی کریں۔
علاقائی اثرات: خطرہ سرحدوں سے آگے
روس کے بیان میں ایک اہم نکتہ یہ ہے کہ افغانستان کا عدم استحکام صرف اس کی سرحدوں تک محدود نہیں رہتا۔ وسطی ایشیا کے ممالک جیسے تاجکستان، ازبکستان اور قازقستان کو روس نے باربار خبردار کیا ہے۔ نومبر ۲۰۲۶ میں قازقستان نے بھی افغانستان سے اٹھنے والے سلامتی کے خطرات کے لیے مربوط عالمی کارروائی کا مطالبہ کیا۔ شام میں جہادی دباؤ بڑھنے کے بعد وسطی ایشیا اور شمالی قفقاز کے جنگجوؤں کے افغانستان منتقل ہونے کے خدشات بھی موجود ہیں، جس سے روس اور اس کی سرحدوں کے قریب صورتحال مزید پیچیدہ ہو سکتی ہے۔
جنوبی ایشیا کے تناظر میں پاکستان سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔ تحریکِ طالبان پاکستان، داعش خراسان اور دیگر دہشت گرد گروہ افغانستان سے اپنی سرگرمیاں جاری رکھتے ہیں۔ اقوامِ متحدہ کی رپورٹ نے واضح کیا ہے کہ افغانستان میں پاکستان کے خلاف سرحد پار حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان کی سلامتی کی صورتحال اور اس کے معاشی مفادات کو اس دہشت گردی سے براہِ راست نقصان پہنچ رہا ہے اور اس خطرے سے نمٹنے کے لیے علاقائی تعاون ناگزیر ہے۔
روس نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں یہ بھی کہا کہ TTP اور مشرقی ترکستان اسلامی تحریک (ETIM) جیسے گروہوں کے اہداف داعش خراسان سے ملتے جلتے ہیں، جو بتاتا ہے کہ یہ خطرہ کثیر جہتی ہے اور کسی ایک ملک کے بس سے باہر ہے۔
آگے کا راستہ: مشترکہ اور بلاامتیاز حکمتِ عملی
روس کا واضح موقف ہے کہ افغان سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں کے لیے استعمال نہیں ہونی چاہیے۔ روس نے علاقائی تعاون کے لیے چین، ایران اور پاکستان کے ساتھ چہار فریقی میکانزم کا حوالہ دیا ہے اور شنگھائی تعاون تنظیم کو بھی اس کوشش میں مفید قرار دیا ہے۔ یہ وہ ڈھانچے ہیں جن کے ذریعے علاقائی سلامتی کے مسائل پر مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دیا جا سکتا ہے۔
اصل سوال یہ ہے کہ کیا افغان عبوری حکام اس پیغام کو سمجھیں گے۔ دہشت گردی سے بلاامتیاز نمٹنا محض ایک سفارتی اصطلاح نہیں، بلکہ یہ ایک واضح اصول ہے کہ جو بھی دہشت گرد تنظیم ہو، چاہے وہ داعش خراسان ہو، TTP ہو یا کوئی اور، سب کے خلاف ایک جیسا رویہ اختیار کرنا ہوگا۔ کچھ تنظیموں کو چھوڑ کر صرف مخصوص گروہوں کے خلاف کارروائی کرنے کی پالیسی نہ صرف غیر مؤثر ہے بلکہ یہ بین الاقوامی ذمہ داریوں کی بھی صریح خلاف ورزی ہے۔
روس کے بیان سے یہ پیغام ایک بار پھر واضح ہو گیا ہے کہ دہشت گردی کسی ایک ملک کا مسئلہ نہیں ہے۔ اس کے اثرات جنوبی ایشیا سے لے کر وسطی ایشیا اور اس سے بھی آگے تک محسوس ہوتے ہیں۔ افغان عبوری حکام کے پاس ابھی موقع ہے کہ وہ خطے میں ذمہ دار حکومت کا کردار ادا کریں، تمام دہشت گرد تنظیموں کے خلاف عملی اقدامات اٹھائیں اور بین الاقوامی برادری کے ساتھ صادقانہ تعاون کریں۔ وگرنہ افغانستان کی زمین پر پلنے والے یہ خوارج نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے لیے ایک مستقل اور بڑھتا ہوا خطرہ بنتے رہیں گے، اور یہ گھنٹی جو بج چکی ہے، اسے نظرانداز کرنا مزید کسی کے لیے بھی ممکن نہیں رہا۔
Author
-
View all posts
Muhammad Sudais is pursuing a PhD in International Relations, with a research focus on United States interests and strategic engagement in Asia. His academic work examines American foreign policy, regional power competition, security dynamics, and the evolving geopolitical importance of Asia within the broader international system.