پاکستان برسوں سے دنیا کو بتاتا رہا ہے کہ افغانستان میں داعش خراسان اور دیگر دہشت گرد تنظیمیں نہ صرف موجود ہیں بلکہ فعال بھی ہیں۔ پاکستان نے یہ شواہد افغانستان کی عبوری حکومت کے سامنے بھی رکھے، اقوامِ متحدہ کو بھی دکھائے، اور دنیا کے سامنے بھی آشکار کیے۔ جواب میں ہر بار خاموشی ملی یا انکار۔ لیکن اب جب روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریہ ضاخاروووا نے گزشتہ ہفتے ماسکو میں ایک پریس بریفنگ کے دوران واضح طور پر کہا کہ داعش خراسان صوبہ افغانستان میں اب بھی متحرک ہے اور علاقائی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ بنی ہوئی ہے، اور انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ افغان سرزمین سے پھیلنے والی دہشت گردی کا خاتمہ علاقائی امن کے لیے ناگزیر ہے، تو دنیا کو ایک بار پھر سوچنا پڑے گا۔
یہ بیان اچانک نہیں آیا۔ اس کا پس منظر بہت وسیع ہے۔ نومبر 2026 کی ایک امریکی انسپکٹر جنرل رپورٹ نے، جو جولائی تا ستمبر کے عرصے کا احاطہ کرتی ہے، داعش خراسان کی تعداد تقریباً دو ہزار جنگجوؤں پر مشتمل بتائی اور اسے امریکی مفادات کے لیے سب سے بڑے دہشت گرد خطرات میں سے ایک قرار دیا۔ اس سے بھی پہلے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی 10 اگست 2026 کو جاری کردہ نگرانی رپورٹ نے داعش خراسان کو طالبان انتظامیہ اور وسیع تر علاقے کے لیے سب سے بڑا دہشت گرد خطرہ قرار دیا تھا۔
لیکن سوال یہ ہے کہ یہ خطرہ اتنا بڑھا کیوں؟ اقوامِ متحدہ کے ایک سینئر انسداد دہشت گردی عہدیدار نے خبردار کیا کہ داعش خراسان اپنی عملیاتی صلاحیتیں دوبارہ تشکیل دے رہی ہے، اس نے جدید فوجی سازوسامان بشمول ڈرونز تک رسائی حاصل کر لی ہے، اور طالبان انتظامیہ پر دباؤ بڑھاتے ہوئے افغانستان کی سرحدوں سے باہر اپنی کارروائیاں وسیع کرنے کی کوشش میں ہے۔ یہ صرف افغانستان کا مسئلہ نہیں رہا، یہ پورے خطے کا مسئلہ بن چکا ہے۔
پاکستان اس آگ کی تپش سے سب سے زیادہ جھلسا ہے۔ روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان نے اسلام آباد کو جنوبی ایشیا میں دہشت گردی کے خلاف روس کے ایک اہم شراکت دار کے طور پر بیان کیا۔ یہ اعتراف معمولی نہیں ہے۔ پاکستان نے اقوامِ متحدہ کو بتایا ہے کہ افغانستان سے آنے والے دہشت گردوں کے حملوں میں 4,700 سے زیادہ پاکستانی شہری اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔ یہ ایک قوم کا درد ہے جسے برسوں سے نظرانداز کیا جاتا رہا۔
روسی نمائندے نے اقوامِ متحدہ میں یہ بھی کہا کہ تحریکِ طالبان پاکستان اور ایسٹ ترکستان اسلامک موومنٹ جیسی تنظیموں کی سرگرمیاں داعش خراسان کے مقاصد سے ہم آہنگ ہیں، اور یہ کہ افغانستان میں طالبان کی جوابی دہشت گردی کارروائیوں کے باوجود داعش خراسان کا خطرہ ختم نہیں ہوا اور یہ اپنی اہم عسکری صلاحیتیں برقرار رکھے ہوئے ہے۔
یہاں ایک اور اہم پہلو بھی سامنے آتا ہے جسے نظرانداز نہیں کیا جا سکتا، اور وہ ہے افغانستان پر مختلف بیرونی اثرات کا سوال۔ جب افغانستان کی زمین پر متعدد بیرونی قوتیں اپنے مفادات کے کھیل کھیلتی رہیں اور افغان حکومت کو درپیش مسائل کے حل کی بجائے صورتحال کو مزید الجھانے کی کوشش ہو، تو دہشت گرد تنظیمیں اس خلا سے فائدہ اٹھانے میں دیر نہیں لگاتیں۔ اقوامِ متحدہ کے انسداد دہشت گردی کے ذیلی سیکرٹری جنرل الیگزینڈر زوئیف نے روس کی تاس نیوز ایجنسی کو انٹرویو میں بتایا کہ اقوامِ متحدہ کے کچھ رکن ممالک کی اطلاعات کے مطابق داعش خراسان نے جدید تکتیکی سازوسامان بشمول ڈرونز حاصل کر لیے ہیں اور القاعدہ بھی افغانستان میں سرگرم ہے۔
روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان نے علاقائی کوششوں کو متحد کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ افغانستان کے اندر موجود داعش خراسان کا خطرہ افغانستان کی سرحدوں سے باہر بھی پھیل سکتا ہے۔ یہ بات پاکستان برسوں سے کہتا رہا ہے۔ آج روس نے اسی بات کی گونج دنیا کے سامنے رکھ دی ہے۔
روس کے اقوامِ متحدہ میں مستقل نمائندے واسیلی نیبینزیا نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں کہا کہ دہشت گردی کا خطرہ افریقہ کے کچھ حصوں اور افغانستان میں ختم نہیں ہوا، اس لیے عالمی برادری کو مشترکہ اور مربوط حکمتِ عملی اختیار کرنی ہوگی۔ یعنی اب بات صرف پاکستان کی تشویش تک محدود نہیں رہی، یہ عالمی فکرمندی کا حصہ بن چکی ہے۔
روسی سفارت کار نے اس بات کی طرف بھی توجہ دلائی کہ ان گروہوں کی موجودگی یہ ثابت کرتی ہے کہ عالمی برادری کو چوکنا رہنا ہوگا اور وہ نازک اور تنازعہ زدہ ماحول سے کام کرنے والی انتہاپسند تنظیموں کے خطرے کو کم نہیں آنکھ سکتی۔
وقت آ گیا ہے کہ افغانستان کی عبوری حکومت ان تمام شواہد کو سنجیدگی سے لے۔ روس نے واضح کیا ہے کہ افغانستان کو استحکام بخشنا اور اس کی سرزمین سے پیدا ہونے والی دہشت گردی کا خاتمہ علاقائی امن کے لیے ضروری ہے۔ داعش خوارج کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کرنا اور افغان سرزمین کو کسی بھی دہشت گرد کے لیے محفوظ پناہ گاہ بننے سے روکنا افغانستان کی اپنی ذمہ داری ہے۔
نتیجہ یہ ہے کہ افغانستان کا عدم استحکام اب صرف جنوبی ایشیا کا مسئلہ نہیں۔ جب روس جیسی عالمی طاقت اس خطرے کو سرعام تسلیم کرے، جب اقوامِ متحدہ بار بار خبردار کرے، اور جب پاکستان سمیت علاقائی ممالک کا خون بہتا رہے، تو خاموشی ایک جرم بن جاتی ہے۔ اقوامِ متحدہ کے انسداد دہشت گردی کے قائم مقام انڈر سیکرٹری جنرل نے کہا کہ داعش خراسان "خطے اور اس سے آگے کے لیے سب سے سنگین خطرات میں سے ایک” ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ افغان عبوری حکومت کب اس حقیقت کا سامنا کرے گی اور تمام دہشت گرد تنظیموں کے خلاف فیصلہ کن قدم اٹھائے گی؟ وقت کم ہے اور خطرہ بہت بڑا ہے۔
Author
-
View all posts
Professor Dr. Waqas Khan is a scholar of climate change, security, diplomacy, and international affairs. He earned his PhD from Beijing University, China. His research focuses on the links between environmental challenges and global security, emphasizing international cooperation, strategic policy, and the role of diplomacy in addressing emerging global issues.